Tuesday 20 August 2013

اندڈور جھولا ۔۔۔ ہوم ڈیکور ۔۔۔۔Indoor Swing, Home Decoration



بچپن کا ساتھی جھولا جسے دیکھ کر ہم اپنے بچپن کی یادوں میں کھو جاتے ہیں ، جسے جھولتے جھولتے بچہ کب جوان ہو جاتا ہے اس کا احساس اسے خود بھی نہیں ہوتا۔ ماں کی گود کا بہترین متبادل یہ جھولا بڑوں کیلئے ماڈرن فرنیچر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ گھر میں سجاوٹی فرنیچر کے ساتھ اس جھولے کو جدید اشکال میں ڈھال کر گھر کے انٹیرئر میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

پہلے زمانوں میں جھولا تقریبا ہر گھر میں پایا جاتا تھا۔ اس زمانے کے وسیع و دراذ صحن اوراس صحن میں لگے بڑے سے درخت کی سب سے موٹی شاخ کو بچے اپنے چھولے کیلئے چن لیا کرتے تھے۔ لیکن اب اس طرز کے گھر اور اس انداز کے وسیع و عریظ صحن اب کم ہی نظر آتے ہیں۔ جبکہ وقت کے ساتھ ساتھ بچوں کا جھولا جھولنے کا شوق بھی ختم ہوتا جا رہا ہے، لیکن ہم صرف بچوں کی بات نہیں کر رہئے ۔ جھولا جولنا تو بچوں اور بڑوں سب کو ہی پسند ہوتا ہے، اسے صرف بچوں کیلئے مختص کر کے رکھ دینا درست نہیں۔اکثر گھروں میں گھر کے بڑے بزرگ آرام کرسی پر بیٹھ کر کتاب پڑھنا یا سویٹر بننا پسند کرتے ہیں یہ جھولا ان کی آرام کرسی کا ہی جدید ورژن سمجھ لیں۔ عمر میں اضافہ کے ساتھ ہی ہمارے معاشرے کے زیادہ تر افراد اپنے آپ کو اچھل کود سے دور کر لیتے ہیں ، وقت کی قلت کے باعث کئی سرگرمیاں پیچھے چھوٹ جاتی ہیں۔ اس کے حل کیلئے گھر میں ان ڈور جھولا لے آئیں ۔اس پر بیٹھ کر وزنی سے وزنی انسان بھی ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہے، کچھ دیر کیلئے ہی سہی لیکن ہوا میں جھول کر اپنے موٹاپے کو بھول جاتا ہے۔ بچے اسے جھولتے جھولتے نیند کی گلیوں میں کھو جاتے ہیں جبکہ نوجوان اسی طرح کے جھولے پر بیٹھ کر خیالوں میں اپنا آبائی محل تلاش کرنے میںمصروف ہوجاتے ہیں۔


جھولے کو گھر کے باہر کے ساتھ ساتھ گھر کے اندر بھی لگایا جا سکتا ہے ۔ گھر کے اندر جھولا لگانے کا یہ انداز کوئی نیا نہیں ہے بلکہ جانا پہچانا ہے بس یہ کہہ لیں کہ گھر کے اندرفرنیچر کے حصے کے انداز کے جھولے کا رواج پہلے کم ہوا اور اب ختم ہونے کے در پے آ چکا ہے۔

گھر کے اندر جھولا عیش و آرام و آسائش کا ضامن ہے ۔ اسے ایک فرنیچر کی طرح گھر کے کسی حصے میں بھی منتقل کیا جا سکتا ہے۔گھر کے اندر اس کے استعمال سے آپ کسی بھی بورنگ کمرے کو جیتا جاگتا بنا سکتے ہیں ۔ یہ گھر کے اندر ایک انٹرٹینمنٹ اور تفریح کا سامان پیدا کر دیتا ہے۔اس بات کا بھی خیال رکھا جانا چاہئے کہ ہر گھر کی ساخت ایسی نہیں ہوتی کہ اس میںجھولا لگایا جا سکے ۔ اسے بہتر طریقے سے لگانے اور جھولنے کیلئے کمرے میں کھلی جگہ کا ہونا ضروری ہے۔اس کیلئے کسی پروفیشنل سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کی کئی ایک اقسام موجود ہیں جیسا کہ آپ ان تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں۔
گرمی ہو یا سردی ، برسات کے ساتھ ساتھ بہار اور خزاں ہر موسم میں اسے جھولنے کا مزاہ الگ ہی سکون و راحت فراہم کرتا ہے۔ اسے جھولتے جھولتے بچپن میں لوٹ جائیں ، ٹھنڈی میٹھی ہوا سے گرمی کی شدت کم کر لیں یا پھر کسی خیال کے سمندرمیں ڈوب جائیں ۔ اسے جھولتے ہوئے وہ وقت باآسانی کٹ جاتا ہے جسے آپ گزارنا چاہتے ہیں اور وہ وقت رک رک کر گزرتا ہے جسے آپ آہستہ آہستہ گزار کر جینا چاہتے ہیں۔

ان خوبصورت جھولوں کو آپ گھر کے کسی بھی ایسے حصے میں لگا یا رکھ سکتے ہیں جہاں اسے جھولنے کی جگہ مل سکے۔ گھر کے کھلے برآمدے ، بالکونی اس کیلئے بہترین جگہ ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ جھولے ایسے بھی ہوتے ہیں جو صرف دیکھنے کی حد تک اور سجاوٹی جھولے ہوتے ہیں، اس قسم کے جھولے لکڑی پر نقش ونگاری کر کے بنائے جاتے ہیں، بھاری ہونے کے باعث جھولے نہیں جاتے البتہ ہلکا پھلکا آگے پیچھے ہونے سے الگ سرور دیتے ہیں۔ اس قسم کے جھولے بڑے اور بزرگوں کیلئے بہترین ہیں۔ یہ جھولے گھر کے لاﺅنج یا بیڈ روم میں رکھے جاتے ہیں۔ اس کی بیٹھنے کی سیٹ زیادہ لمبی ہوتی ہے ، بشت کمر ٹیکانے کیلئے آرام دہ اور نیچلے حصے میں پاﺅں رکھنے کی جگہ بھی موجود ہوتی ہے۔ اس طرح کی کرسی نما جھولے کی کمرے میں موجودگی سے کمرہ مکمل لگتا ہے اور اسے جھولنے کے بعد یہ آپ کا پسندیدہ فرنیچر بن جاتا ہے۔

اس کے منفرد ڈزائن اور رنگوں کی فکر کئے بغیر اسے اپنے گھر کی زینت بنائیں کیونکہ اس کی موجودگی یقینی طور آپ کے گھر کے دوسرے فرنیچر کے ساتھ مل کر ایک خوبصورت انٹیریئر کا نمونہ پیش کرئے گی۔ یہ مہمان دوست بھی ہے،گھر میں آنے والے مہمان پہلے تو اسے دور سے دیکھیں گے ، خالی مل گیا تو جھولنا چاہیں گے اور اگر خالی نہیں ملا تو اس کے خالی ہونے اور اپنی باری کا انتظار کرتے نظر آئیں گے، جسے دیکھ کر آپ کوانتہائی خوشی و مسرت محسوس ہوگی۔









1 comment:

  1. hi well said Benish.... In ur article U just recall the memories of 70's and the time after the partition when every house has a Swing in corridor and on the roof. I think it's a better way to get back to their traditions. Anyways u did a fantastic job ... keep it up and congrats to u.

    ReplyDelete