Friday 6 September 2013

”پختہ برک وال انٹیرئر “ Brick Wall Art



مہنگائی کے اس دور میں گھر کی تزئین و آرائش کیلئے رقم نکالنا انتہائی مشکل کام ہے اس کے ساتھ ساتھ اس جدید دور میں گھر کی خوبصورتی اور معیار کو برقرار رکھنا اور اسے سجانا سنوارنا بھی ضروری ہے۔ گھر کی صفائی ستھرا ئی کے ساتھ ساتھ بہترین سجاوٹ اور سامان کی ترتیب عورت کے سلیقے اور ذوق کی ترجمانی کرتی ہے۔ایسے میں گھریلو بجٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے گھر کی دیواروں کو مہنگی پینٹنگز اور امپورٹڈ ڈیکوریشن پیس سے سجانے کے بجائے بچت اور سجاوٹ ساتھ ساتھ کی جا سکتی ہے اور اس کا طریقہ ہے پختہ سرخ اینٹوں کی دیوار بنوا کر جدت بھرا انٹیرئیر ڈیزائن ۔


گھر کی دیواروں یا ہال کمرے میں موجود پلرز کو سادہ اینٹوں سے سجا کر گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ گھر کے مرکزی کمرے یا بیڈ روم کی ایک دیوار کو سجانے کیلئے اینٹوں کے ٹیکسچر کے وال پیپر یا اصلی اینٹو ںکو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اصلی اینٹوں کے ٹیکسچر سے زیادہ سادہ اور فنکارانہ کچھ نہیں ہو سکتا۔ سوبر رنگ کے پینٹ والی دیواروں کے ساتھ اینٹوں والی کھردری دیوارمنفرد اور پر کشش امتزاج کا منظر پیش کرتی ہے۔جس سے آپ کا کمرہ دلچسپ اور مختلف دکھائی دیتا ہے ۔گھر کی دیواروں میں اینٹوں کا استعمال آپ بہت سے طریقوں سے کر سکتے ہیں ، ان میں اینٹوں کے ٹیکشچر کے بنے وال پیپر بھی شامل ہیں اور کھردری اور نا ہموار اینٹیں بھی شامل ہیں جنہیں ٹیڑھے میڑھے ہونے کے باعث خراب سمجھ کر گھر کی دیواروں میں نہیں لگایا جاتا۔ یہ اینٹیں اکیلے ہی آپ کے کمرے کے حسن میں اضافہ کرنے کی ساری ذمہ داری قبول کر لیتی ہیں۔


گھر بناتے وقت مستری اچھی ا ور اول درجے کی اینٹ گھر کے باہر والی دیواروں میں استعمال کرتا ہے کیونکہ کہ گھر کے اندر والی دیواریں دبیز پلستر اور پینٹ کے نیچے چھپ جاتی ہیں ۔ لہٰذا” برک وال انٹیریئر“کیلئے ناہموار اینٹوں کا استعمال گھر کے اندر بہترین طریقے سے کیا جا سکتا ہے۔ ان پر اگر سفید یا شیڈڈ پینٹ کر دیا جائے تو یہ اپنی مثال آپ کمرے کے حسن میں اضافہ کرتی ہیں۔ جبکہ بغیر پینٹ کے اینٹوں والی دیوار لیونگ روم ، بیڈ روم ، ڈائننگ روم اور گھر کے برآمدے میںبنائی جاتی ہے۔ لیکن اب اس میں کچن اور باتھ روم بھی شامل ہو گئے ہیں۔

کمرے کی دیوار کو اینٹوں سے سجانے کیلئے کسی ایک دیوار کا انتخاب کرنا چاہیے ، ایسی دیوار جس میں کوئی کھڑکی یا دروازہ نہ ہو، کمرے کی سب سے بڑی دیواراس انتخاب کیلئے بہترین ہے۔ اس طرح کے ڈیزائن کیلئے اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان کھردری اینٹوں کا استعمال ایک دیوار سے زیادہ پر نہ کیا جائے ۔ ورنہ یہ منفرد انٹیریئرڈیزائن کے بجائے بھدا دکھائی دے گا۔


اس کے ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھا جانا چاہئے کہ اینٹوں والی دیوار یا پورشن کے آس پاس باقی دیواروں پر ہلکے رنگ کا پینٹ کیا جائے، اس سے خاص اینٹوں والا پورشن نمایا ں ہوگا۔ اینٹوں والی دیوار والے کمرے میں زیادہ روشنی کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ کمرے میں اندھیرا محسوس ہوتا ہے ، اس سے نجات پانے کیلئے اینٹوں کے ٹیکسچر کا انٹیریئر ایسے کمرے میں کرائیںجس میں زیادہ کھڑکیاں ہوں ۔ اس امر کا خیال رکھیں کہ گھر کے اندر اینٹوں کے ٹیکسچر کی دیوار یا پورشن بنوانے کیلئے دیواروں کی لمبائی اور سمت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔اس فیصلے کا بہترین کلیہ روشن اور وسیع دیوار کا انتخاب ہے ۔

 اینٹوں کے ٹیکسچر کی دیوار کا ڈیزائن ایسا نہیں کہ ایک سیزن اس کا فیشن ہے اور اگلے سال فیشن بدل گیا بلکہ دیواروں کی سجاوٹ کا یہ فیشن کبھی پرانا نہیں ہوتا ، اس لئے اسے آوٹ ڈیٹیڈ ہونے کے فکر بغیر اپنایا جا سکتا ہے۔

No comments:

Post a Comment