Friday 6 September 2013

”کھڑکی دروازوں میں گلاس آرٹ کا استعمال“ .....Window Glass Art



گھر کی دیواروں میں لگے دروازوں اور کھڑکیوں کو دلکش انداز میں سجانے اورانٹیرئر میں خاصیت پیدا کرنے کیلئے سٹینڈ گلاس آرٹ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ گھر کے کھڑکیاں ، دروازے ، اونچے روشندان اور کبھی کبھار پور ی دیوار پر محیط شیشے کی کھڑکیوں پرا س قسم کا آرٹ انتہائی دلکش لگتا ہے۔

گلاس آرٹ کو مجموعی طور پر تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ ان میں گلاس سپرے پینٹ ، فراسٹنگ گلاس اور سٹینڈ گلاس آرٹ شامل ہیں۔ گلاس سپرے پینٹ کے ذریعے آپ کسی بھی عام سے شیشے کو رنگین بنا سکتے ہیں۔ گلاس فراسٹنگ سے آپ اپنے گھر میں لگے کھڑکیاں اور دروازوں کے شیشوں کو نیم شفاف بنا سکتے ہیں جن سے آرپار نظر نہیں آ تااوردیکھنے میں بھی بھلے لگتے ہیں۔ اس تکنیک کو گھر کے کئی حصوں میں لگے شیشوں پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔جبکہ سٹینڈ گلاس آرٹ کے تحت آپ کسی بھی شیشے کو کینوس بنا کر اس پر فن پارہ تخلیق کر سکتے ہیں۔
اس گلاس آرٹ کا استعمال زمانہ قدیم سے چلا آ رہا ہے ۔ دسویں صدی میں اس آرٹ کا استعمال چرچ ،کیتھیڈرل اور دوسری متعلقہ عمارتوں میں نظر آتا تھا۔ اس دور میںشیشوں پر ثقافتی نقش ونگارکو قصے کہانیاں سنانے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا تھا ۔ ایسا بھی کہا جاتا ہے کہ چرچ میں اس آرٹ کا استعمال روحانیت کے لحاظ سے بھی کیا جاتا تھا، ان کھڑکیوں سے نکلنے والی رنگین روشنی کے زیر اثر انسان اپنے معبود سے زیادہ قریب محسوس کرتا تھا۔

سٹینڈ گلاس ، فراسٹنگ اور گلاس سپرئے پینٹ دیکھنے میں انتہائی خوبصورت لگتے ہیں البتہ اسے بنانے میں کافی وقت بھی درکار ہوتا ہے اسی وجہ سے آہستہ آہستہ اس کی اہمیت کم ہوتی گئی۔ جبکہ موجودہ دور میں دوبارہ اس کی اہمیت اور قدر بڑی تیزی سے بڑھتی نظر آ رہی ہے۔ اب پھر سے لوگوں نے اپنے گھر کے شیشے والے دروازوں اور کھڑکیوں کو گلاس آرٹ سے سجانا شروع کرد یا ہے۔ اب سٹینڈ گلاس آرٹ میں تھری ڈی آرٹ بھی شامل ہو چکا ہے۔اس آرٹ کے استعمال سے گھر کے انٹیرئر اورایگزٹیرئر کو دلکش اورجازب نظر بنایا جا سکتا ہے۔


سٹینڈ گلاس آرٹ ، فراسٹنگ یا گلاس سپرئے پینٹ کئی دہایوں سے گھر کی تربین و آرائش میں استعمال کئے جا رہئے ہیں اور یہ رواج کبھی پرانا نہیں ہوا۔ وقت کی قید سے بالاتر اس فن کو گھر کے کسی بھی حصے میں لگے شیشے کے دروازے یا کھڑکی میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان کی مدد سے آ پ اپنے گھر کے سونے کے کمرے، مرکزی کمرے، باورچی خانے، غسل خانے، چھت ، شیشے کے دروازوں والی الماری ، شیلف اور دیگر حصوں سمیت کئی جگہوں کو سجا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کیلئے مختلف اقسام کے بلب بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ دفتر ، کیفے، ہوٹل ، کالج ، لائبریری اور دیگر جگہوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کسی بھی کمرے، آفس کے حصے یا پورشن کو الگ کرنے کیلئے بھی اس آرٹ کا استعمال بہترین ثابت ہو سکتا ہے ۔

یہ ڈیزائن سٹائلش بھی ہے ، کمرے میں گرمی کی شدد کو کم کرتا ہے اور الٹراوائلٹ شواﺅں کو بھی کمرے میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔ اس کے استعمال سے ہر قسم کی تھیم اپنائی جا سکتی ہے۔ رنگ برنگے آرٹ کا نمونہ ہو یا جنگل کی سی ہریالی اور پھول پودے، ڈیزائن سادہ سفید ہوں یا کوئی شکل یا ابسٹریکٹ بنوالیں تمام ہی آرٹسٹک لگتے ہیں۔


اس قسم کا منفرد آرٹ آپ کے گھر کو ایک آرٹ گیلری جیسی خوبصورتی بخشتا ہے۔ جو بھی آپ کے گھر آئے گا وہ اس یونیک آرٹ کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکے گا۔ کچھ افراد کا خیال ہے کہ سٹینڈ گلاس آرٹ دیکھنے میں بھدا لگتا ہے، ایک عرصہ کے بعد اس کے رنگ برے لگنے لگتے ہیں ۔ اس رائے کے باوجود میں یہی کہوں گی کہ اس آرٹ کا زمانہ کبھی پرانا نہیں ہوگا ،جسے دن کے وقت سورج اور رات کے وقت مصنوعی روشنیوں سے جگمگایا جا سکتا ہے۔ اس سے نکلنے والے خوبصورت رنگ اور روشنی انتہائی دلفریب لگتے ہیں ۔ خاص طور سے جب سورج کی روشنی ان کھڑکیوں اور دروازوں سے چھن کر اندر آتی ہے تو دیکھنے والے کی آنکھوں کو خیرہ کر دیتی ہے۔ یہ آنے والے مہمانوں کو ایک دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کے ذوق و شوق سے بھی آشنا کرواتا ہے۔

No comments:

Post a Comment