Saturday 14 September 2013

یہ جوانی ہے دیوانی.... Ye Jawani Hai Dewani .....Film Review






”یہ جوانی ہے دیوانی “اپنے عنوان کی طرح جوش ، ولولے ، خوابوں، جذبات اور احساسات سے بھر پور فلم ہے۔ ”یہ جوانی ہے دیوانی “فلم ڈائریکٹر ”ایان مکھر جی “کی دوسری فلم ہے جس میں انہوں نے اپنے بہترین ڈائریکٹر ہونے کا سکا منوانے کی کسر نہیں چھوڑی ۔ فلم کی کاسٹ ، موسیقی ، سٹوری ، ڈائیلاگ سے لے کر فلم کی لوکیشن تمام چیزیں آنکھوں کو خیرہ کر دیتی ہیں۔

مرکزی کردار نبھانے والوں میں رنبیر کپور ( کبیر اکاءبنی ) اور دپیکا پوڈوکون (نینا ) کے کردار میں نظر آئے ۔ کبیر اکاءبنی ( رنبیر کپور ) ایک منچلا نوجوان ہے ، جو آٹھ پہر جوش و جنون اور کچھ نہ کچھ کرنے کی جستجو میں مگن رہتا ہے۔ ایڈونچر ، پاگل پن اور تجسس اس کے خمیر میں گوندھا ہے۔ ابھی ( ادیتیا رائے کپور ) اور آدیتی ( کلکی کوئچلن ) اس کے بہترین دوست ہیں جو دوستی کہ ہر کسوٹی پر پورا اترتے ہیں اور اس موج مستی میں کبیر ( رنبیر کپور ) کا ساتھ دیتے ہیں۔ نینا ( دپیکا پوڈوکون ) ایک انتہائی سنجیدہ مزاج کی لڑکی ہے ،ایک ایسی میڈیکل کی طالب علم ہے جس کا ہنسی مزاح ، سیروتفریح سے کبھی پالا نہیں پڑا۔ نینا کی ملاقات کبیر اور اس کے گینگ سے ایک ٹرین میں ہوتی ہے، دوران سفر ان کی دوستی کا آغاز ہوتا ہے اور نینا کبیر اور اس کے دوستوں کے ساتھ منالی جاتی ہے۔ اس سے قبل نینا اور کبیر سکول میں ہم جماعت رہ چکے ہیں۔


منالی کا سفر ختم ہو جاتا ہے لیکن منالی کا یہ سفر نینا کے صحرانما دل پر بارش کی پہلی بوند ثابت ہوتا ہے، تروتازگی ، مسرت اور جوش کا یہ طوفان جو ایک سفر نے اس کے اندربھرا ، اس کی خوشبو آٹھ سال تک نینا کے اندر اٹھکیلیاں کرتی رہتی ہے۔

آٹھ سال کے بعد قسمت دوبارہ ان چاروں نوجوانوں کو اکھٹا کر دیتی ہے، آٹھ سال کی اس طویل مدد کے بعد دو مختلف اور الگ الگ سمتوں میں جانے والے نوجوان( نینا اور کبیر ) کی بھلتی پھولتی دوستی محبت کی اوڑھنی اوڑھ لیتی ہے جس میں زندگی کے تمام رنگوں کا رس نچوڑ کر اسے مزید دلفریب بنایا گیاہے۔ مکمل طور پر محبت پر مبنی اس فلم کو دیکھ کر”ویلن ٹائن ڈے “کی یادیں تازہ ہو جاتی ہیں ، جیسے ہر پھول میں سے محبت پھوٹ رہی ہو۔ اس محبت کے جذبے کی صیح ترجمانی کی ایک وجہ رنبیر اور دپیکا کی جادوئی کیمسٹری کا نتیجہ بھی ہے جس کا جادو ہر مرتبہ سر چڑھ کر بولتا ہے۔

فلم دیکھنے کے بعد یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ اگر اس سے قبل آپ رنبیر کپور کی اداکاری اور جادوئی شخصیت سے متاثر نہیں ہوئے تو یہ موقع ہاتھ سے جانے نہ دیں ، یہ فلم دیکھنے کے بعد رنبیر کپور کی سحر انگیز شخصیت آپ کے دل میں خاض جگہ بنانے میں کامیاب ضرور ہو گی۔ اس نوجوان اداکار میں اپنے پاپ دادا کا نام بالی وڈ میں زندہ رکھنے کے تمام عناصر موجود ہیں۔ دوسری جانب دپیکا پوڈوکون اپنی بیشتر فلموں کے پیش نظر اس فلم میں انتہائی الگ کردار میں نظر آئیں ، موٹے فریم والے چشمے اور میڈیکل کی کتابوں کو کھنگالتی اس لڑکی نے اپنے کردار سے بھر پور وفا کی ہے۔


میوزک ڈائریکٹر پریتم نے شاندار موسیقی مرتب دے کر اس
فلم کو چار چاند لگا دیئے ہیں ، جبکہ مادھوری دکشت کے دلفریب ٹھمکے اور چمکیلے رنگین لہنگے چولی والے آےٹم سانگ نے آگ میں تیل ڈالنے کا کام کیا ہے۔


مختصر ، ”یہ جوانی ہے دیوانی “ایک بڑا دھماکہ فلم ہے ، اگر اسے سال کی بہترین فلم کا درجہ دیا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ اس فلم نے سلمان خان کی فلم ”دبنگ ٹو “کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، پہلے چاردنوں میں ہی باکس آفس پر 75 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے، جو کہ صرف شروعات ہے۔



No comments:

Post a Comment